حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 8 نومبر 2026ء کو مسیحی مذہب کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے ویٹیکن کے محکمہ برائے بین المذاہب مکالمہ (Dicastery for Interreligious Dialogue) کے سیکرٹری آرچ بشپ مونسینیور اندونیل جے کوڈیتھواکو (Msgr. Indunil J. Kodithuwakku K.) اور اسی محکمہ کے شعبۂ اسلام کے ذمہ دار ریورنڈ فادر مارکس سولو (Rev. Fr. Markus Solo, SVD) نے پاکستان کی ممتاز مسیحی مذہبی شخصیات پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر معزز وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے منظم تعلیمی و انتظامی نظام، علمی و تربیتی سرگرمیوں، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور معاشرے میں دینی و سماجی شعور کی بیداری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
جامعہ عروۃ الوثقی کے مہتمم اور تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان کے سربراہ سید جواد نقوی نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ویٹیکن کے وفد کی جانب سے مختلف مذاہب کی عبادت گاہوں، دینی مراکز اور مذہبی و تعلیمی اداروں کے دوروں، باہمی روابط کے فروغ اور بین المذاہب مکالمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے اس موقع پر مسیحی دنیا کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم کی پاکستان آمد کی خواہش کا اظہار کیا اور ان کے پُرتپاک استقبال اور میزبانی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے معزز مہمانوں سے کہا کہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے دروازے ہی نہیں بلکہ ہمارے دلوں کے دروازے بھی آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ آپ کی آمد ہمارے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے اور ہم ہمیشہ خلوصِ دل سے آپ کا خیرمقدم کرتے رہیں گے۔
ملاقات کے بعد معزز وفد نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مختلف تعلیمی، تربیتی اور فلاحی شعبہ جات کا دورہ کیا، جن میں مسجد بیت العتیق، خواتین کا تعلیمی ادارہ جامعہ ام الکتاب اور مفازۃ الحیات ہسپتال شامل تھے۔

وفد کے ارکان نے ان اداروں کے تعلیمی و انتظامی نظام، علمی و تربیتی سرگرمیوں، طبی سہولیات اور فلاحی خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل کی اور جامعہ کی مجموعی خدمات کو سراہا۔
وفد میں آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء (بشپ آف کوئٹہ)، آرچ بشپ خالد رحمت (بشپ آف لاہور)، بشپ یوسف سوہن (بشپ آف ملتان و چیئرمین سی سی آئی ڈی ای)، فادر نقاش اعظم (ڈائریکٹر لاہور ڈائسس)، فادر شہزاد کھوکھر، فادر روحیل، فادر رفحان فیاض، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل (نولکھا چرچ لاہور) اور مولانا محمد عاصم مخدوم (چیئرمین کل مسالک علماء کونسل) بھی شامل تھے۔










آپ کا تبصرہ